مہر خبررساں ایجنسی نے برطانوی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانیہ میں بسنے والے سیکڑوں ہزاروں سکھوں نے بھارت میں گزشتہ ماہ اپنی مقدس کتاب کی بے حرمتی پر بطور احتجاج دیوالی کو ’’سیاہ دیوالی‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے جس پر کوئی چراغاں نہیں کیا جائے گا۔ سکھ برادری کے گردواروں اور سابق فوجیوں نے بھی ’’بلیک دیوالی‘‘ کے ہیش ٹیگ کے ذریعے اس میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ دیوالی کا 5 روزہ تہوار بدھ سے شروع ہورہا ہے جو بھارت میں ایک بہت بڑا مذہبی تہوار ہے جس میں ہندو، سکھ اور جین دھرم کے افراد شرکت کرتےہیں اور آتش بازی اور چراغاں دیوالی کا لازمی جزو ہوتے ہیں لیکن اب اپنے ہم مذہبوں کے قتل اور بابا گرنتھ صاحب نامی مقدس کتاب کی توہین کے بعد اس دیوالی پر برطانیہ کے سکھ سراپا احتجاج ہیں۔ واضح رہے کہ 14 اکتوبر2015 کو بھارتی پنجاب کے ایک گاؤں بھرگڑی میں بابا گرنتھ صاحب کی شکستہ کتاب ملی تھی جس کے بعد سکھوں نے شدید احتجاج کیا تھا یہاں تک کہ پولیس کو مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کرنا پڑی تھی جس میں 2 مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
آپ کا تبصرہ